عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ احمد یار کی حدود میں گھریلو ناچاکی کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گاؤں 115 ای بی میں شوہر عمران نے اپنے بھائی قربان کے ہمراہ بیوی پر تشدد کیا اور مبینہ طور پر خاتون کے سر کے بال بھی کاٹ دیے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جاوید چدھڑ، ڈی پی او پاکپتن نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ احکامات پر عمل کرتے ہوئے تھانہ احمد یار پولیس نے خاتون پر تشدد میں ملوث شوہر اور دیور کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ احمد یار میں دونوں ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او جاوید چدھڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کا تحفظ پاکپتن پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ خاتون پر تشدد کرنے والے ملزمان کو پراسیکیوشن کے ساتھ مل کر سخت سزا دلوائی جائے گی، جبکہ کیس کی تفتیش میرٹ پر مکمل کی جا رہی ہے۔


