پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ قیدیوں کی صحت کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور جیل ہسپتال میں طبی سہولیات کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن میں پریزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں مارچ 2026 کے دوران جیل ہسپتال کی خدمات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل حسن نواز کاٹھیا، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر حافظ احسن وسیم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں درج ذیل امور زیر غور آئے:
نفسیاتی اور دل کے مریضوں کے لیے ادویات کی بروقت فراہمی
غیر حاضری یا ایمرجنسی کی صورت میں متبادل میڈیکل افسران کی تعیناتی
جیل ہسپتال کی لیبارٹری میں CBC ریجنٹس کی کمی کی نشاندہی
ایکس رے کے فکسر اور ڈیولپر سمیت ضروری میٹریل کی فراہمی
منشیات کے عادی قیدیوں کی اسکریننگ کے لیے ڈرگ اسکریننگ کٹس کی دستیابی
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جیل ہسپتال میں طبی سہولیات کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے اور قیدیوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے نگرانی جاری رکھی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قیدیوں کے علاج معالجے اور صحت کے معیار پر کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


