40

چینی قونصل جنرل سن یان کی محکمہ داخلہ پنجاب آمد؛ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) چینی قونصل جنرل سن یان نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ چینی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد محکمہ داخلہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور چینی باشندوں کے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی قونصل جنرل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور تاریخی اہمیت کا شہر ہے اور یہاں آ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان روائتی برادرانہ تعلقات کے حامل ہیں۔ پنجاب میں سی پیک کے بیشتر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور پنجاب میں چینی باشندوں کیلئے دوستانہ ماحول ہے۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا کردار قابل تعریف ہے۔ اس سے قبل سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے چینی قونصل جنرل کو محکمہ داخلہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں موجود تمام چینی باشندوں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے چینی قونصل جنرل سن یان سے کہا کہ امید ہے ان کا لاہور میں قیام پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات کو نئی جہت اور مضبوطی دیگا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ پنجاب کے تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چینی شہریوں اور حکومتی ذمہ داران کیلئے ہمارے دفاتر ہمیشہ کھلے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ چائنیز سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد بڑھا رہے ہیں اور چینی باشندوں کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے وفاقی حکومت کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل پیرا ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری داخلہ نے چینی قونصل جنرل کو یادگاری تحائف پیش کیے۔ ملاقات میں چین کے ڈپٹی قونصل جنرل، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ڈپٹی سیکرٹری فارن نیشنل سکیورٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں