لاہور میں جمعہ اجتماعات کے دوران سیکورٹی اور کھلی کچہریاں جاری

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں جمعہ اجتماعات کے دوران سخت سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریاں بھی لگائی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے خود فیلڈ سکیورٹی چیکنگ کی اور بعد ازاں اپنے دفتر میں کھلی کچہری منعقد کی، جہاں شہریوں کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے گئے۔

فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں پر زیادتی یا ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اختیارات کے ناجائز استعمال، جھوٹے مقدمات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں پر جھوٹے مقدمات درج کرنے والے افسران جیل جائیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ مساجد میں لگائی جانے والی کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے، اور ایس پیز، ایس ڈی پی اوز بشمول ایس ایچ اوز ہر جمعہ شہریوں سے براہ راست ملاقات کرتے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ کھلی کچہریاں پولیس پر اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں، اور قانون کی بالا دستی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

ڈی آئی جی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہری جرائم کے خاتمے میں لاہور پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور پولیس کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست ان کے دفتر رجوع کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں