اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ایک ریٹائرڈ ملازم کے پینشن واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث چیئرمین ایف بی آر کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے چیئرمین ایف بی آر کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے سربراہ آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا کہ وہ چیئرمین ایف بی آر کی عدالت میں حاضری یقینی بنائیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ سماعت پر چیئرمین ایف بی آر کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی تھی اور واضح کیا گیا تھا کہ عدم تعمیل کی صورت میں انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا، مگر نہ تو احکامات پر عمل ہوا اور نہ ہی چیئرمین ایف بی آر عدالت میں پیش ہوئے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر کو عدالت میں پیشی کے لیے متعدد خطوط ارسال کیے گئے، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اس پر عدالت نے کہا کہ ایسی صورتِ حال میں واحد راستہ یہی رہ جاتا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کے ذریعے چیئرمین ایف بی آر کی پیشی کروائی جائے۔
عدالت نے مزید حکم دیا کہ اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے عدالتی احکامات کی نقول چیئرمین ایف بی آر کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے 2022 میں ریٹائرڈ ملازم واحد خورشید کنور کے واجبات کی ادائیگی کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی فیصلے کے باوجود تاحال پینشن واجبات ادا نہیں کیے گئے۔


