35

ایف بی آر کا ریڈیو پاکستان ہیڈکوارٹر میں ٹیکس آگاہی اور آؤٹ ریچ سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی ہدایات پر اور ممبر ٹیکس پیئرز سروسز ونگ محترمہ تہمینہ عامر کی زیر نگرانی فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹیکس پیئرز سروسز نے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ٹیکس آگاہی اور آؤٹ ریچ سیمینارمنعقد کیا۔ یہ سیمینار ایف بی آر کی جاری ملک گیر ٹیکس آگاہی آؤٹ ریچ مہم کا حصہ تھا جس کا مقصد ٹیکس کمپلائنس کو فروغ دینا، ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا اور ٹیکس کے نظام پر عوام کے اعتماد کو تقویت دینا ہے ۔
ایف بی آر کے وفد میں سیکرٹری (ٹیکس ایجوکیشن اینڈ فیسیلیٹیشن) محمد مطیع الرحمان ممتاز اور سیکنڈ سیکرٹری (ٹیکس فیسیلیٹیشن) عبد الرحمن شیخ کے علاوہ ٹیکس پیئرز سروسز ونگ کا دیگر عملہ شامل تھا ۔
اس سیشن میں ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران جن میں ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ، فنانس ڈائریکٹر محمد انعام الحق، ہیڈکوارٹر کے افسران و عملہ اور دیگر اسٹیشنوں کے نمائندگان شامل تھے جنہوں نے ورچوئل لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اپنے افتتاحی کلمات میں محمد مطیع الرحمان ممتاز نے ایف بی آر کے دائرہ کار، ساخت اور اہم ذمہ داریوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کی قیادت میں شروع کی گئے مختلف اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں پوائنٹ آف سیل (Point Of Sale Integration) انٹیگریشن، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم(Track and Trace System)، ڈیجیٹل انوائسنگ (Digital Invoicing )، فیس لیس کسٹمز سسٹم(Faceless Customs System)، کارگو ٹریکنگ سسٹم(Cargo Tracking System)، ڈائریکٹ پورٹ ڈیلیوری(Direct Port Delivery) ، ریوارڈ اینڈ ریٹنگ سسٹم(Reward and Rating System)، اور اہم شعبوں میں پیداوار کی نگرانی کے لیے ویڈیو اینالیٹکس(Video Analytics) کا استعمال شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایف بی آر بدعنوانی کے خاتمے اور ٹیکس نظام میں شفافیت کے قیام کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی ڈیجیٹائزیشن، فیس لیس کسٹمز اور خودکار نظام کے ذریعے انسانی مداخلت میں کمی اور ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی کے آلات کا استعمال صوابدیدی عمل کو محدود کرنے اور احتساب کو بہتر بنانے کی طرف اہم اقدامات ہیں۔ ان اصلاحات کا مقصد تمام شراکت داروں کے لیے ایک منصفانہ اور شفاف ٹیکس نظام قائم کرنا ہے۔

انٹرایکٹو سیشن(Interactive Session) میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی اور بالخصوص تنخواہ پر ٹیکس اور فائلنگ کے طریقہ کار سے متعلق سوالات اٹھائے۔ ایف بی آر ٹیم نے ان سوالات کے جامع جوابات دیےجس سے شرکاء کی آگاہی میں اضافہ ہوا۔شرکاء نے اس نوعیت کی آؤٹ ریچ سرگرمیوں کے انعقاد پر ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا اور اسے رضاکارانہ کمپلائنس کے فروغ اور ایف بی آر کے ایک شفاف اور ٹیکس دہندگان دوست ادارے کے طور پر تاثر کو بہتر بنانے میں اہم قرار دیا۔

سیمینار کے اختتام پر ایف بی آر اور ریڈیو پاکستان کے افسران کے درمیان سونیئرز کا تبادلہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں