سپریم کورٹ کا فیصلہ: مرحوم سرکاری ملازمین کے بچوں کے پرانے کیسز برقرار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)سپریم کورٹ آف پاکستان نے مرحوم سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے سے متعلق اہم مقدمے میں سندھ حکومت کی اپیل مسترد کر دی۔

عدالتِ عظمیٰ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے واضح قرار دیا کہ وہ تمام کیسز جن میں مرحوم سرکاری ملازمین کے اہلِ خانہ کو ملازمت دینے کے عدالتی احکامات پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں، انہیں ختم یا کالعدم نہیں کیا جا سکتا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدالتی فیصلے عموماً مستقبل (Prospective) پر لاگو ہوتے ہیں اور ماضی میں طے شدہ یا منظور شدہ معاملات پر اثر انداز نہیں ہوتے، اس لیے پہلے سے دائر اور منظور شدہ کیسز اپنی جگہ برقرار رہیں گے۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، جس میں مرحوم سرکاری ملازمین کے بچوں کو رول 11-A کے تحت ملازمت دینے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم سپریم کورٹ نے اس اپیل کو مسترد کر دیا۔

قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد ایسے تمام کیسز جن میں پہلے ہی عدالتوں کے واضح احکامات موجود ہیں، انہیں دوبارہ نہیں کھولا جا سکے گا، جس سے متاثرہ خاندانوں کو بڑا قانونی ریلیف حاصل ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں