سپریم کورٹ کی ہدایت: گواہوں کو عدالت میں بیٹھ کر بیان دینے کی سہولت فراہم کی جائے

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز جسٹس صلاح الدین پنھور نے ایک حالیہ فیصلے میں عدالتوں کو ہدایت دی ہے کہ گواہوں کو بیان دیتے وقت کھڑا رکھنے کے بجائے انہیں بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جائے۔

عدالت نے واضح کیا کہ گواہ عدالت کا مددگار ہے، مجرم نہیں، اور اس کے ساتھ عزت، احترام اور سہولت کے ساتھ برتاؤ ہونا چاہیے۔ آئینِ پاکستان ہر شہری کے انسانی وقار اور منصفانہ ٹرائل کی ضمانت دیتا ہے، لہٰذا گھنٹوں کھڑا رکھ کر گواہی لینا نہ قانون کے مطابق ضروری ہے اور نہ ہی انصاف کے اصولوں کے مطابق۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ جرح کے دوران غیر متعلقہ اور تھکانے والے سوالات کرنا حقِ جرح کا ناجائز استعمال ہے، جبکہ جج کا کردار صرف خاموش تماشائی نہیں بلکہ بیدار نگران ہونا چاہیے۔

عدالت کا مقصد یہ ہے کہ گواہ سکون، اعتماد اور وقار کے ساتھ سچ بیان کر سکے، کیونکہ انصاف صرف فیصلوں سے نہیں بلکہ رویوں اور طرزِ عمل سے بھی قائم رہتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں