کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے ماڈل کالونی ٹاؤن میں مبینہ بدعنوانیوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا ہے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم ایس پی عدیل سہویو کی قیادت میں ماڈل کالونی ٹاؤن پہنچی، جہاں ٹیم نے میونسپل کمشنر ابراہیم عمرانی سے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ماڈل کالونی ٹاؤن میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پے درپے کرپشن کے الزامات کے تناظر میں کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کے این آئی ٹیز منسوخ کی جا چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق منسوخ کیے گئے ٹینڈرز سیاسی سفارشوں کی بنیاد پر دیے گئے تھے، جن کی چھان بین کے لیے اینٹی کرپشن کی جانب سے تفصیلی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مزید پیش رفت تفتیش مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔


