اسلام آباد/پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے پشاور میں خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مار کر دو بھائیوں اور ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق دھماکے کی جائے وقوعہ سے خودکش بمبار کا شناختی کارڈ ملا، جس پر درج نام کے مطابق حملہ آور کی شناخت یاسر کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور گزشتہ پانچ ماہ افغانستان میں مقیم رہا، جہاں اس نے اسلحہ چلانے اور خودکش حملے کی تربیت حاصل کی۔
پولیس حکام کے مطابق پشاور اور نوشہرہ میں خودکش حملہ آور کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے اس خودکش دھماکے میں 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق دھماکا نماز کے دوران ہوا جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔


