کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر کے پوش علاقے بہادرآباد میں رواں سال کی بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آئی ہے، جہاں مسلح ملزمان نے بینک سے سونا اور غیر ملکی کرنسی نکلوانے والے شہری کو اس کے گھر پہنچتے ہی لوٹ لیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری نے بینک سے 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر نکلوائے تھے۔ ملزمان نے شارع فیصل سے شہری کا تعاقب کیا اور بہادرآباد پہنچ کر موقع پا کر واردات کو انجام دیا۔ موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر شہری سے قیمتی سونا اور امریکی ڈالر چھین لیے اور فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹے گئے سونے اور غیر ملکی کرنسی کی مجموعی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، جو حالیہ برسوں میں ہونے والی بڑی ڈکیتیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ اطراف کے علاقوں سے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ تاہم تاحال واردات میں ملوث کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


