لاڑکانہ(ایچ آراین ڈبلیو) ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا نے لاڑکانہ کے گوٹھ بھاول جت میں کمیونٹی سینٹر کے دورے کے دوران خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ خود یہاں آکر دیکھیں کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کیا کام ہو رہا ہے۔
اجے بانگا نے کہا کہ بٹوارے سے قبل ان کے والدین دونوں پاکستان میں پیدا ہوئے تھے، اسی لیے ان کے لیے یہاں آنا ایک طرح سے گھر واپس آنے جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد یہ جاننا تھا کہ زمینی حقائق کیا ہیں اور لوگوں کی زندگیوں میں کس طرح بہتری آرہی ہے۔
ورلڈ بینک کے صدر نے کہا کہ جہاں خواتین رہائش اختیار کر رہی ہیں وہاں تین ایسی اہم باتیں ہیں جو دنیا کے ہر خطے میں لاگو کی جا سکتی ہیں۔ پہلی یہ کہ خواتین کو گھروں پر مالکانہ حقوق مل رہے ہیں جو ان کی آزادی اور خودمختاری کی علامت ہے۔ دوسری یہ کہ خواتین نوکریاں کر کے آمدن حاصل کر رہی ہیں، اپنے خاندان کی کفالت کر رہی ہیں اور بچوں کی تعلیم پر توجہ دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ اگر گھر کی عورت باشعور اور مضبوط ہو تو وہ پورے خاندان کو سنبھال سکتی ہے، اور یہاں خواتین کو بااختیار دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
اجے بانگا نے کہا کہ انہیں یہ تصور بہت پسند آیا کہ گھر کی تعمیر کے ساتھ ہی خواتین کے نام بینک اکاؤنٹس کھولے جاتے ہیں، رقم براہِ راست ان کے نام آتی ہے، ادائیگیاں کی جاتی ہیں اور مزدوروں کو کام ملتا ہے، جس سے معیشت میں پیسے کی گردش بڑھتی ہے۔ انہوں نے اسے مالیاتی دنیا میں “ویلاسٹی” قرار دیا اور کہا کہ پیسے کی رفتار جتنی تیز ہوگی اتنی ہی مزید ترقی ممکن ہوگی۔
ورلڈ بینک کے صدر نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف گھروں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے خواتین کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک روشن اور بااختیار مستقبل کی جانب اہم قدم ہے۔


