کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گلزار ہجری میٹروویل کے علاقے میں پرائمری اسکول اور پارک کے لیے مختص پلاٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کے خلاف عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے سندھ حکومت، اینٹی انکروچمنٹ، کے ڈی اے، کے ایم سی لینڈ ڈپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے فریقین سے مقررہ مدت کے اندر جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق نے عدالت کو بتایا کہ میٹروویل تھری میں اسکول/پارک کے لیے مختص اراضی پر قبضہ مافیا نے باونڈری وال تعمیر کر دی ہے اور متعلقہ اداروں کو شکایت کے باوجود غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غنڈہ عناصر علاقے کے مکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسکول کے لیے مختص اراضی پر کی جانے والی تعمیرات غیر قانونی قرار دی جائیں، قبضہ اور تجاوزات فوری ختم کرائی جائیں اور اہل محلہ اور درخواست گزار کو ہراسانی سے محفوظ رکھا جائے۔
عدالت نے فریقین کو ہدایات جاری کیں کہ غیر قانونی تعمیرات روکنے اور قبضہ ختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں، جبکہ سماعت کا سلسلہ آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔


