کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سانحہ گل پلازہ کے متاثرہ عمارت میں ریسکیو آپریشن کا دسواں روز جاری رہا۔ ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کا کام جاری ہے۔ آج عمارت کو سیل کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے 73 افراد میں سے 23 کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 17 افراد کی شناخت ڈی این اے کی مدد سے کی گئی ہے۔ مزید ڈی این اے کے ذریعے شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔ تاہم 79 میں سے 13 لاپتا افراد کے ورثاء نے اب تک ڈی این اے سیمپل فراہم نہیں کیے۔
ڈی سی ساؤتھ جاوید کھوسو نے بتایا کہ گل پلازہ پر قائم کے ایم سی کا ایمرجنسی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر خالی ہے اور متعلقہ عملہ غائب ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ تحقیقاتی کمیٹی اور عدالت کے ذریعے ان کی موت کی تصدیق کی جائے گی۔
سانحہ گل پلازہ میں شہریوں اور حکام نے ریسکیو ٹیموں کی محنت کو سراہا، تاہم انتظامی کمی اور عملے کی غیر موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔


