**اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو):** نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عوام الناس کے لیے ایک انتہائی اہم انتباہی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کوئی بھی خبر یا پوسٹ شیئر کرنا قانونی جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق صارفین کا ایک غلط کلک یا غیر محتاط رویہ انہیں سنگین قانونی مشکلات میں ڈال سکتا ہے، لہٰذا کسی بھی لنک، خبر یا تصویر کو آگے بھیجنے سے قبل اس کی مکمل تحقیق اور تصدیق لازمی کی جائے۔ ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ مقتدر اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کے خلاف جھوٹا، گمراہ کن یا غیر مصدقہ مواد پھیلانا ایک سنگین جرم ہے جس پر قانون حرکت میں آئے گا۔ پیکا ایکٹ کے سیکشن 26 اے کے تحت فیک نیوز پھیلانے کے جرم میں ملوث افراد کو 3 سال تک قیدِ بامشقت اور 20 لاکھ روپے تک بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ این سی سی آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نفرت انگیز مواد اور افواہوں سے مکمل اجتناب کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سوشل میڈیا کو صرف مثبت اور محفوظ مقاصد کے لیے استعمال کریں تاکہ انٹرنیٹ کے ماحول کو افواہ سازی سے پاک رکھا جا سکے۔


