کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن کو اسلحہ کے زور پر روک کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
درج مقدمے کے مطابق، مدعی سید طلعت عباس شاہ، جو پیشے سے صحافی اور انسانی حقوق کے محافظ ہیں، رات تقریباً ساڑھے دس بجے اپنی کارمیں ناگن چورنگی سے 4K چورنگی کی جانب جا رہے تھے ۔ اس دوران ایک سیاہ رنگ کی 125 موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان کا پیچھا کیا ۔
سید طلعت عباس شاہ نے بیان دیا کہ ملزمان نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا، تاہم انہوں نے گاڑی کی رفتار بڑھا دی ۔ ملزمان مسلسل تعاقب کرتے رہے اور بالآخر سیکٹر 6، نزد KDA فلیٹس کے قریب اسلحہ لہرا کر انہیں گاڑی سائیڈ پر روکنے پر مجبور کر دیا ۔
مستغیث کے مطابق، مسلح افراد نے انہیں دھمکی دیتے ہوئے کہا، “تم باز نہیں آؤ گے؟ تمہیں اپنی جان پیاری نہیں ہے؟” ۔ موقع ملتے ہی طلعت عباس نے اپنی گاڑی تیز رفتاری سے بھگائی اور سیدھے تھانہ سرجانی پہنچ کر اپنی جان بچائی ۔ ان کا موقف ہے کہ انہیں یہ دھمکیاں ان کے صحافتی پیشے اور انسانی حقوق کے لیے کیے جانے والے کاموں کی بنیاد پر دی گئی ہیں ۔
تھانہ سرجانی پولیس نے مدعی کی درخواست پر دو نامعلوم ملزمان کے خلاف زیرِ دفعہ 506ب/34 کے تحت مقدمہ نمبر 1600/25 درج کر لیا ہے .


