ٹیلی کام کمپنیوں کے غلط ٹیکسٹ میسجز پر ایف بی آر کی وضاحت

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مختلف ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو بھیجے جانے والے غلط ٹیکسٹ میسجز پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیغامات ایف بی آر کی ہدایت پر نہیں بھیجے گئے بلکہ ٹیلی کام سروس پرووائیڈرز کی تکنیکی خرابی کے باعث غلطی سے جاری ہوئے۔

ایف بی آر کے مطابق ہر سال ستمبر میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی یاددہانی کے لیے ایس ایم ایس ارسال کیے جاتے ہیں۔ اسی سلسلے میں رواں سال بھی 15 ستمبر 2025 کو پی ٹی اے کو ہدایت کی گئی تھی کہ ٹیکس دہندگان کو 30 ستمبر کی آخری تاریخ سے قبل ریٹرن جمع کرانے کا پیغام بھیجا جائے، جو مقررہ وقت سے پہلے بھیج دیا گیا تھا۔

تاہم 8 دسمبر کو متعدد ٹیکس دہندگان نے شکایات درج کرائیں کہ انہیں دوبارہ ایسے میسجز موصول ہوئے ہیں جن میں ٹیکس سال 2025 کے ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی ہے، جو کہ پہلے ہی گزر چکی ہے۔

تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ایف بی آر کی جانب سے اس وقت کسی قسم کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی تھی۔ پی ٹی اے نے بھی تصدیق کی ہے کہ یہ پیغامات ٹیلی کام کمپنیوں کی تکنیکی خرابی کی وجہ سے جاری ہوئے۔

ایف بی آر نے معاملے کی مزید جانچ شروع کر دی ہے اور پی ٹی اے سے کہا گیا ہے کہ متعلقہ ٹیلی کام کمپنیوں سے رابطہ کر کے اس مسئلے کے حل میں تعاون کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے اور درست اور واضح معلومات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں