کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ڈینگی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں رواں سال صوبے میں 982 ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں 641 اور حیدرآباد میں 178 ڈینگی مریض سامنے آئے ہیں۔ صوبے کے اسپتالوں میں 239 ڈینگی وارڈز اور 1,289 بستر مختص کیے گئے ہیں۔
چیف سیکریٹری نے ہدایات جاری کیں کہ یونین کونسل سطح پر فیومی گیشن مہم چلائی جائے، میڈیا کے ذریعے آگاہی دی جائے اور ڈینگی کنٹرول روم فعال کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی علاقے میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔


