118

ہیومن رائٹس کونسل کا لانڈھی دورہ، محلّہ کمیٹی کوبنیادی مسائل کے حل میں تعاون کی یقین دہانی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان (سندھ) کے صدر ڈاکٹر محبوب نوناری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ وفد نے لانڈھی کراچی کے محلّہ کمیٹی ایریا 36E و 5B کے چیئرمین جناب کاشف نظامی سے خصوصی ملاقات کی اور اہل محلّہ کو درپیش انسانی حقوق کے بنیادی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کا مقصد مقامی آبادی کے بنیادی حقوق اور مسائل کو سمجھنا تھا، جس میں صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات زیر غور آئے۔ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے وفد نے علاقے کے سماجی مسائل کے حل اور انسانی حقوق کے حوالے سے محلّہ کمیٹی کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر چیئرمین کاشف نظامی نے وفد کو علاقے کا تفصیلی وزٹ کروایا، جہاں ہیومن رائٹس کونسل کے ممبران نے اہلیان علاقہ سے انسانی حقوق کی صورتحال پر براہ راست بات چیت کی۔ دوران وزٹ، چیئرمین نے محلّہ کمیٹی کی جانب سے “اپنی مدد آپ” کے تحت کرائے جانے والے فلاحی کام، جن میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور شجرکاری (پلانٹیشن) شامل ہیں، کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وفد سے ملاقات کرنے والی محلّہ کمیٹی کی کابینہ میں وائس چیئرمین جناب قاضی واثق عظیم، جنرل سیکریٹری عبدالسلیم، جوائنٹ سیکریٹری حاجی نعیم خان، ہیڈ آف سوشل ویلفیر ماسٹر ملک الدین، ہیڈ آف سیکیورٹی فرخ سعید اور ایگزیکٹیو ممبران سمیت دیگر فعال ممبران بھی موجود تھے۔

پروگرام کے اختتام پر، ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے چیئرمین کاشف نظامی اور کابینہ ممبران کو ان کی بہترین کارکردگی پر تعریفی (ایپریسیشن) سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے۔ محلّہ کمیٹی کی جانب سے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کیا گیا اور انھیں اعزازی سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے۔ آخر میں دونوں تنظیموں کے عہدیداران نے یادگاری گروپ فوٹوز بنوائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں