کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ صحت سندھ نے ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق رواں ماہ صوبے بھر میں ڈینگی کے 175 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ سال 2025 کے آغاز سے اب تک صوبے میں ڈینگی کے کل 819 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ شہر وار اعداد و شمار میں کراچی میں 85، حیدرآباد میں 48، میرپورخاص میں 37 اور سکھر میں 5 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ “سندھ حکومت ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔” انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت تمام ڈویژنز میں انسداد ڈینگی مہم تیز کر دی گئی ہے اور اسپرے اور فاؤگنگ کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “ڈینگی قابل انسداد بیماری ہے، گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، اس طرح وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔” انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں روزانہ ڈینگی کیسز کی نگرانی کر رہی ہیں اور اسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں-


