کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)نےوزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر شہر کی خطرناک عمارتوں کے خلاف وسیع کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹو نے بتایا کہ کراچی میں مجموعی طور پر 540 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے، جن میں سے 59 عمارتیں پہلے ہی خالی کرا لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “خطرناک عمارتوں کے انہدام کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔”
اتھارٹی کی جانب سے لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں دو خطرناک عمارتوں کو منہدم کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے، جنہیں ٹیکنیکل کمیٹی نے پہلے ہی خطرناک قرار دے دیا تھا۔
ایس بی سی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کے لیے ہیلپ لائن کا استعمال کریں۔ یہ کارروائی شہر میں عمارتی حفاظت کے معیارات بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔


