کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر قائد میں پانی کا بحران دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے جہاں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر چند دن بعد پانی کی لائنیں ٹوٹ جانے کے باعث صورت حال مزید ابتر ہو جاتی ہے اور پانی کی سپلائی مزید محدود ہو جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے متعدد علاقے اس وقت مکمل طور پر پانی سے محروم ہیں۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ “ہمیں خوشخبری سنائی گئی تھی کہ حب کینال بننے سے پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، لیکن اس کے باوجود کراچی کے مختلف علاقے آج بھی پانی سے محروم ہیں۔”
شہریوں نے اس صورت حال کے لیے سیاسی جماعتوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ “جو جماعتیں وقفے وقفے سے کراچی میں حکومت کرتی رہی ہیں، ان کی نااہلی کے باعث ایک قطرہ پانی بھی سسٹم میں نہیں آیا۔”
یہ صورت حال اس وقت پیدا ہوئی ہے جب شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔


