کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)افغان کیمپ کی خالی ہونے والی زمین پر لینڈ مافیا کے غیرقانونی قبضے کے شدید خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جس کے پیش نظر ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے پولیس چیف کراچی کو خط لکھ دیا ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ کی تجاویز کے اہم نکات:
ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (MDA)، ڈپٹی کمشنر اور پولیس افسران پر مشتمل فوری کمیٹی تشکیل دی جائے
خالی ہونے والی زمین کا فوری سروے کیا جائے
زمین کو MDA اپنے تحویل میں لے
صورت حال کی تفصیل:
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق افغان کیمپ میں 3 ہزار سے زائد گھر تعمیر تھے، جہاں 15 ہزار کے قریب افغان شہری مقیم تھے۔ ان میں سے اکثریت واپس جا چکی ہے، تاہم تقریباً ڈیڑھ ہزار افغان شہری اب بھی موجود ہیں۔
فوری اقدام کی ہدایت:
عرفان بلوچ نے زور دیا کہ خالی ہونے والے مکانات اور زمین کو لینڈ کنٹرولنگ اتھارٹی فوری طور پر اپنے تحویل میں لے، تاکہ لینڈ مافیا کو غیرقانونی قبضے کا موقع نہ مل سکے۔
یہ اقدام شہر میں زمینوں کے غیرقانونی قبضے کے خلاف چلائی جا رہی مہم کا ایک اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔


