72

سندھ اسمبلی میں گیس رائلٹی کے غیرشفاف استعمال پر سوالات، پی ٹی آئی رکن کا انکوائری کمیٹی کا مطالبہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی رکن سجاد علی سومرو نے تیل و گیس کے معدنی وسائل سے مالا مال اضلاع کو رائلٹی سے محروم رکھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رائلٹی فنڈز کے شفاف استعمال کے لیے انکوائری کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔

سجاد علی سومرو نے اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا کہ “گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، بدین، جامشورو اور ٹنڈو الہ یار کے حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ ان اضلاع کی گیس رائلٹی کہاں خرچ ہو رہی ہے؟”

انہوں نے مطالبہ کیا کہ رائلٹی کا 80 فیصد حصہ عوامی فلاح، تعلیم، صحت اور روزگار پر خرچ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ “سندھ کے قدرتی وسائل سندھ کے عوام کی ملکیت ہیں اور رائلٹی کی رقم عوامی منصوبوں پر خرچ ہونی چاہیے۔”

قرارداد میں تیل و گیس کمپنیوں میں مقامی نوجوانوں کو روزگار نہ دینے کی شدید مذمت کی گئی، نیز آلودہ پانی کے مسئلے پر توجہ دلاتے ہوئے کہا گیا کہ “گھوٹکی کے عوام آلودہ پانی سے بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، آئل و گیس کمپنیوں کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا پابند کیا جائے۔”

سجاد علی سومرو نے سترہ سالوں میں سندھ کے مختلف اضلاع کو ملنے والی گیس رائلٹی کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں