کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر ضلع جنوبی میں قائم مختلف پولیو کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ نے پولیو ورکرز اور انتظامیہ سے ملاقات کی اور مہم کے انتظامات اور سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر پولیس جوانوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں مکمل طور پر الرٹ رہنے، اور عوامی تعاون کے ساتھ ٹیموں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔پولیو مہم کے دوران ضلع جنوبی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ٹیمیں پرسکون اور محفوظ ماحول میں اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزورعلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں اور سیکیورٹی اہلکاروں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو جیسے مہلک وائرس سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کی جا سکے۔


