90

مایہ نازسائنسدان ڈاکٹرمحمد ثقاف جاگیرانی کودنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں میں شامل کرلیا گیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) عالمی شہرت یافتہ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ 2025 کی عالمی درجہ بندی میں سندھ کے مایہ ناز سائنسدان ڈاکٹرمحمد ثقاف جاگیرانی کودنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں میں شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی معیاری تحقیقی کارکردگی اور حوالہ جات کے بین الاقوامی اشاریوں کی بنیاد پر دیا گیا ہے جو ان کی تحقیقی شراکت کے عالمی اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈاکٹر ثقاف جاگیرانی اس وقت چین کی ممتاز دالیان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں اسکول آف کیمسٹری کے تحت پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور سائنسی علم کو آگے بڑھانے اور قوم کی خدمت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کےلیے پرعزم ہیں۔ ڈاکٹر ثقاف جاگیرانی کا تعلق ضلع قمبر شہداد کوٹ کے نواحی گاؤں نارنگ واہ سے ہے، جہاں سے انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی، بعد ازاں ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، سندھ یونیورسٹی جامشورو سے ایم ایس سی کیمسٹری کی ڈگری حاصل کی۔ نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان اینالیٹیکل کیمسٹری سےریسرچ ایسوسی ایٹ کےطورپرپی ایچ ڈی مکمل کی۔ان کی علمی محنت کےاعتراف میں ترکی کی سائنس اینڈ ٹیکنالو جی ریسرچ کونسل نےانہیں ارجیس یونیورسٹی قیصری میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ سے نوازا۔ بعد ازاں چین کی جیانگ سو یونیورسٹی میں بطورپوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو منتخب ہوئے اور ماحولیاتی آلودگی و پانی صاف کرنے جیسے عالمی چیلنجز پر تحقیق کی۔ ڈاکٹر ثقاف جاگیرانی نے اب تک 52 تحقیقی مقالے اور 8 کتابی ابواب بین الاقوامی جرائد میں شائع کیے ہیں جبکہ وہ 20 سے زائد قومی و عالمی کانفرنسوں میں اپنے تحقیقی نتائج پیش کرچکے ہیں۔ نوجوانوں کی رہنمائی کا خاص شوق رکھتے ہے اور وہ ہمیشہ طلبہ کو اسکالرشپ کے حصول کے لیے ترغیب دیتے اور ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں