کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) مزمل حسین ہالیپوٹو نے ملاقات کی، جس میں صوبے بھر میں جاری غیرقانونی تعمیرات، خطرناک عمارتوں، بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں اور تعمیراتی نظم و ضبط کے حوالے سے آئندہ لائحہ مل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران ڈی جی ایس بی سی اے نے صوبائی وزیر کو صوبے میں جاری کارروائیوں اور اتھارٹی کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ مزمل حسین ہالیپوٹو نے بتایا کہ ایس بی سی اے کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ رواں سال کے دوران اب تک 1442 غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ متعدد مقامات پر مزید کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی جی ایس بی سی اے نے کہا کہ اتھارٹی کا بنیادی مقصد عوامی سلامتی کو یقینی بنانا، تعمیراتی شعبے میں شفافیت لانا، اور بلڈنگ قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس بی سی اے نے تمام منظور شدہ تعمیراتی منصوبوں پر کیو آر کوڈ (QR Code) آویزاں کرنا لازمی قرار دیا ہے، تاکہ عوام کسی بھی منصوبے کی قانونی حیثیت، اجازت نامہ اور دیگر تفصیلات باآسانی حاصل کر سکیں۔ مزمل حسین ہالیپوٹو نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو غیرقانونی یا جعلی منصوبوں سے محفوظ رکھنا اور تعمیراتی شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر کسی غیرقانونی تعمیر یا خلاف ورزی کی اطلاع دینا چاہیں تو ایس بی سی اے کے کنٹرول روم یا ہیلپ لائن کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ کا عزم ہے کہ صوبے میں منظم شہری ترقی کے لیے بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تعمیرات نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرتی ہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کا اعتماد بحال ہو اور تعمیراتی عمل میں شفافیت آئے۔ ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ ایس بی سی اے عوامی آگاہی کے لیے میڈیا کے پلیٹ فارمز کو استعمال کرے اور شہریوں کو منظور شدہ و غیرمنظور شدہ منصوبوں کے بارے میں واضح معلومات فراہم کرے، تاکہ لوگ غیرقانونی منصوبوں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی آگاہی غیرقانونی تعمیرات کے تدارک میں سب سے مؤثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اگر کسی غیرقانونی سرگرمی کی نشاندہی کریں تو فوری کارروائی کے لیے ایس بی سی اے سے رابطہ کریں۔ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ایس بی سی اے کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ اتھارٹی اپنی کارروائیوں میں مزید شفافیت، تیزی اور مؤثریت لائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ شہری ترقی، عوامی تحفظ اور بلڈنگ قوانین کے نفاذ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
103


