74

وزیراعلیٰ سندھ کا انتظامیہ کو انتباہ، کارکردگی نہ دکھانے والا افسر میری ٹیم کا حصہ نہیں رہے گا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)حفاظتی قطرے سے انکار کرنے والوں کی موبائل سم بلاک اور شناختی کارڈ معطل کرنے کی ہدایت، 13 اکتوبر سے جنگی بنیادوں پر مہم کا فیصلہ

کچھ یوں ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسداد پولیو کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں انتظامیہ کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ پولیو مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا، “جو افسر کارکردگی نہیں دکھائے گا، وہ میری ٹیم کا حصہ نہیں رہے گا۔ میں کچھ افسران کو پہلے ہی فارغ کر چکا ہوں۔ مزید غفلت پر متعلقہ افسران کو بھی گھر جانا ہوگا۔”

پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں پولیو کے کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہو گئی ہے، جو ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے 29 کیسز کا تقریباً ایک تہائی ہے۔ نئے کیسز ٹھٹھہ، بدین، مٹھی، عمرکوٹ، حیدرآباد، قمبر اور لاڑکانہ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

انکار پر سخت کارروائی کا فیصلہ
وزیراعلیٰ نے حفاظتی قطرے سے انکار کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا،
“میں انکار کرنے والوں کی موبائل سم بلاک اور شناختی کارڈ معطل کرنے پر غور کر رہا ہوں۔”
انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ ایسے افراد کی موبائل سمز، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا جامع پلان تیار کیا جائے۔

13 اکتوبر سے ‘جنگی بنیادوں’ پر مہم
وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ “13 اکتوبر سے انسداد پولیو مہم کو جنگی بنیادوں پر چلایا جائے۔ پوری انتظامیہ اسے کامیاب بنانے کے لیے سڑکوں پر نکلے۔”

انہوں نے اس بات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ ستمبر کی مہم میں 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد بچے قطروں سے محروم رہ گئے، جن میں سے 35 ہزار سے زیادہ کیسز میں والدین نے انکار کیا تھا۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں تاکہ نہ صرف ان کے اپنے بچے بلکہ پڑوسیوں کے بچے بھی پولیو کے خوفناک مرض سے محفوظ رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں