کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایف پی سی سی آئی انرجی کمیٹی کے کنوینر،سینئروائس چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن(پی پی ڈی اے) اورچیئرمین ملک گروپ ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ ہم نے چینی سرمایہ کار کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے تعاون سے سندھ میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ ایکوئپمنٹس لگانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور جلد ہی کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز قائم کردیئے جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار المدینہ سی این جی اسٹیشن نوری آباد میں ای وی فلیش چارجنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرانجینئروکرم گویندانی،ڈاکٹر پرشوتم، عمران فاروقی، زاہدگھمن اوردیگربھی موجود تھے۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نیو انرجی وہیکلز کے فروغ کےلئے قومی سطح پر ایک مراعاتی پروگرام کا آغاز خوش آئند ہے،نیو انرجی وہیکلز کے فروغ کےلئے مراعاتی پروگرام کے ذریعہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی صنعت کو فروغ ملے گا جبکہ پالیسی اقدامات، سبسڈیز اور دیگر پروگرامز کے بارے میں بھی آگاہی مل سکے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نجی شعبہ انرجی وہیکلز کیلئے سرمایہ کاری کررہا ہے اورہم نے بھی ملک میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) مینوفیکچرنگ پلانٹس اور چارجنگ ایکوئپمنٹس لگانے کے پروگرام پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس کیلئے سندھ حکومت اور میئرکراچی بھی بھرپور تعاون کررہے ہیں، 2030 تک ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی شرح 30 فیصد سے تجاوز کرنے کا امکان ہے،ہم نے چینی سرمایہ کار کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے ساتھ ملکر ای وی چارجنگ پلانٹس اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کا آغاز کردیا ہے، پاکستان میں صاف توانائی کی ٹرانسپورٹ کیلئے سندھ نے ابتداءکی ہے اور اب پنجاب بھی آگے بڑھ رہا ہے ۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ پاکستان اپنی 20 فیصد سے زائد ایندھن کی ضروریات درآمد سے پوری کرتا ہے،نئی توانائی کی گاڑیوں کو اپنانے کے ساتھ ساتھ ملک بتدریج درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر سکے گا، شہری فضائی آلودگی میں کمی لائے گا اور اپنے کاربن نیوٹرل اہداف کے حصول کو تیز کرے گا۔ ملک خدا بخش نے بتایا کہ کراچی میں ابتدائی طور پر میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے اعلان کردہ تین مقامات کے ایم سی ہیڈ آفس،واٹر بورڈ پارکنگ شاہراہ فیصل اورڈالمین مال کلفٹن پارکنگ میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ایکوئپمنٹس لگانے کے اقدمات کئے جارہے ہیں ۔
86


