کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل مزمّل حسین نے سنگل ونڈو سہولت کے کاؤنٹر کا دورہ کر کے اس کی کارکردگی اور جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر اور ڈائریکٹر سنگل ونڈو سہولت اسماء غیور نے انہیں بریفنگ دی کہ جدید اور شفاف نظام کے تحت 14,442 بلڈنگ پلانز میں سے 14,083 کیسز کو ریکارڈ وقت میں منظوری دے دی گئی، جو کل درخواستوں کا 99 فیصد ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت تعمیراتی شعبے اور صنعت کی ترقی میں اہم پیشرفت ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام امور شفافیت اور بروقت انجام دیے جائیں۔ زیر التواء کیسز میں شرائط پوری کر کے فوری منظوری دی جائے، جبکہ کمزور کیسز کو قوانین کے مطابق خارج کر دیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے قائم کردہ اس جدید سہولت کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے شفافیت اور تیزی سے کام یقینی بنایا جائے۔


