کراچی(ایچ آراین دبلیو)سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے گورنر ہاؤس میں خصوصی کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ایتھوپیا کے سفیر، محترم جمال باقر عبداللہ، کو ان کے سفارتی و سماجی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ آف لیٹرز (D.Litt) کی اعزازی ڈگری سے نوازاگیا۔ بین الاقوامی سفارتکاری اور بین الثقافتی روابط کو فروغ دینے میں محترم باقر عبداللہ نے نمایاں کردار ادا کیا۔اس موقع پر گورنر سندھ جناب کامران خان ٹیسوری نے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل الحق کے ہمراہ ایتھوپیا کے سفیر جمال باقر عبداللہ کو اعزازی ڈگری پیش کی۔
تقریب کے شرکاء میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اور سرسید یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی، علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر محسن کاظمی،سرسید یونیورسٹی کے سابق چانسلر عادل عثمان، محسن خان، عامر حسین و دیگرمعززین شامل تھے۔
اس مو قع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترم جمال باقر عبداللہ نے بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دیا اور تعلیم، تجارت اور سفارت کاری کے لیے ان کی مخلصانہ کوششوں اور کاوشوں نے عالمی منظرنامے پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔۔
ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر طاقت ہے۔ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے درست سمت میں پوری تندہی سے کام کررہی ہیں اور ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہم ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں جو پاکستان کے روشن مستقبل کی بشارت دے رہا ہے۔پاکستان کا اچھا وقت بالکل قریب ہے اور جلد ہی اس کے ثمرات سے ہر ایک فیض یاب ہوگا۔مارکیٹ کی نئی راہیں کھل رہی ہیں جو ہماری معیشت کو مستحکم کریں گی اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔غیرملکی سرمایہ کار ہمارے اسٹریٹیجک اثاثوں بالخصوص قاسم پورٹ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔۔ترکی، آذربائیجان، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب جیسے ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری میں دلچسپی، پاکستان پران کے اعتماد کی مظہر ہے۔
سرسیدیونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے ایتھوپیا کے سفیر محترم جمال باقر عبداللہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم ایک ایسے سفارتکار کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز رہے ہیں جو علم، امن اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے سچے داعی ہیں۔ان کی کوششوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط کیا اور یہ کانووکیشن دونوں ممالک کے مضبوط سفارتی تعلقات کا مظہر ہے۔سرسید یونیورسٹی ہمیشہ علم اور سفارتی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
ایتھوپیا کے سفیر محترم جمال باقر عبداللہ نے ڈگری ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اچھے مستقبل کیلئے تعلیم بہت ضروری ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کی ثقافتی ورثے اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
تقریب کی نظامت رجسٹرار کموڈور (ریٹائرڈ) سید سرفراز علی، ستارہ امتیاز(ملٹری) نے کی، جنہوں نے تعلیم کو عالمی چیلنجز کے حل کے لیے کلیدی عنصر قرار دیا۔
اختتامِ تقریب پر سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر افضل حق کے ہمراہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو سووینیئر پیش کیے۔


