کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف سندھ نے سرکاری ملازمین کے جاری احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں ان کے حق میں قرارداد جمع کرا دی ہے۔ قرارداد پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو نے جمع کرائی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت سندھ فوری طور پر پنشن ریفارمز کے تحت جاری کردہ تمام نوٹیفکیشن واپس لے اور احتجاجی ملازمین کے جائز مطالبات منظور کرے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے سرکاری ملازمین کا معاشی قتل کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت سندھ نے پنشن ریفارمز کے نام پر ملازمین کے معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی ہے، جو ظلم اور ناانصافی کی انتہا ہے۔ سرکاری ملازمین اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کے ذریعے زندگی گزارتے ہیں اور یہ سہولت چھیننا ان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔
سجاد علی سومرو نے کہا کہ احتجاج کرنے والے ملازمین کو بار بار یقین دہانیاں کرائی گئیں، لیکن تاحال انہیں کوئی عملی ریلیف یا نوٹیفکیشن کی واپسی نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ایک ہفتے سے تعلیمی ادارے بند ہیں، جس کے باعث طلبہ کا مستقبل سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ مزید تالہ بندی سے نہ صرف تعلیم بلکہ عوامی خدمات کے دیگر شعبے بھی بری طرح متاثر ہوں گے۔
پی ٹی آئی سندھ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اداروں کی بندش ختم کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ سجاد علی سومرو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر سطح پر سرکاری ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مطالبات کی منظوری تک ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ رہے گی۔


