حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں آج آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے سے حبس زدہ موسم برقار ہے۔
شہر قائد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کل 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم محکمے کے مطابق کل شہر کے چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے دیگر اضلاع حیدرآباد، میرپورخاص، تھرپارکر، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ موسمیاتی حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ماہرین کے مطابق یہ موسمی تبدیلیاں بحیرہ عرب میں بننے والے لو پریشر سسٹم کا نتیجہ ہیں، جو صوبے کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔


