کراچی/حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ بھر میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج میں پیپلز پارٹی کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔ صوبے کے 11 اضلاع میں ہونے والی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 23 نشستوں میں سے 17 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار آئے ہیں۔
کراچی کے نتائج:
شہر کے تین اضلاع کی پانچ نشستوں پر ہونے والے مقابلے میں پیپلز پارٹی نے چار نشستیں جیتیں، جبکہ ایک نشست پر جماعت اسلامی نے کامیابی حاصل کی۔
ضلع غربی (اورنگی ٹاؤن): یو سی 1 کی چیئرپرسن کی نشست پر پیپلز پارٹی کی شہنیلا عامر 3,801 ووٹ لے کر کامیاب رہیں۔
ضلع غربی (منگھوپیر ٹاؤن): یو سی 10 کے وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے اسٹیفن مسیح 891 ووٹوں سے کامیاب ہوئے۔
ضلع کیماڑی: یو سی 8 کے وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے محمد فیصل نے 3,132 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
ضلع شرقی (سہراب گوٹھ ٹاؤن): یو سی 8 کے وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے شہروز احمد 1,790 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
ضلع غربی (اورنگی ٹاؤن): یو سی 7 کے جنرل وارڈ ممبر کی نشست پر جماعت اسلامی کے محمد بلال نصیر 791 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے 14 اضلاع (سکھر، خیرپور، گھوٹکی، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، دادو، بدین، ٹھٹہ، میرپور خاص) کی کل 28 نشستوں پر یہ ضمنی انتخابات ہوئے تھے۔ ان نتائج سے پیپلز پارٹی کی صوبے میں مقبولیت اور بلدیاتی سطح پر مضبوطی کی تصدیق ہوتی ہے۔


