77

سول اسپتال کراچی میں بدانتظامی اور خوف کا ماحول، پولیس اہلکار نے سنگین الزامات عائد کیے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال ‘سول اسپتال کراچی’ میں بدانتظامی اور عوام کو ہراساں کرنے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔ اسپتال کے چوکی انچارج نے میڈیا کو بتایا کہ کچھ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے عناصر نے اسپتال کا ماحول مکمل طور پر خراب کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ عناصر کھلم کھلا رشوت وصول کرتے ہیں، نرسوں، ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔ اس رویے کے باعث مریض اور ان کے اہل خانہ علاج معالجے کی بجائے خوف اور بے چینی کا شکار ہیں۔

چوکی انچارج کا کہنا تھا کہ یہ صورت حال نہ صرف اسپتال کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ عوام کے علاج معالجے کے بنیادی حق پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، رینجرز اور اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کو بدعنوانی اور سیاسی مداخلت سے پاک کرنا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو عوامی صحت کی اس اہم سہولت پر عوام کا بچا کھچا اعتماد بھی ختم ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں