کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے اپنی رہائش گاہ پر شہر کے مختلف علاقوں سے مدعو کئے گئے عمائدین اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں تیزی سے کروٹ بدلتے حالات سے آگاہ کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ قوموں کی بقاء کی جدوجہد میں کامیابی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہوتی ہےاس لئےقوم کے ہر فرد کو خواہ وہ لکھاری ہو یا تاجر، مرد ہو یا عورت، اس جدوجہد میں اپنے حصہ کی ذمہ داری ایمانداری سے نبھانا ہوگی۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر کسی بھی مجبوری میں وراثت کے بٹوارے اور فروخت کو گناہ سمجھیں اور چٹنی روٹی کھالیں لیکن اپنی جائیداد کا ایک انچ بھی فروخت نہ کریں، یہ آپکے پاس آپکی آنے والی نسلوں کی امانت ہے، جائیداد فروخت نہ کرنےکی وجہ وقت آنےپر ضرور بتاؤں گا۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم پر ہونے والے مظالم اور ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم میں مجھے باربار جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے، آج بھی واٹر ٹینکر اور ڈمپر مافیا کے خلاف آواز اٹھانے پرانسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں دہشت گردی کے الزام میں مقدمات کا سامنا کررہا ہوں۔آفاق احمد نے کہا کہ مجھے اپنے بزرگوں کی بہادری اور صلاحیتوں پر فخر ہے جو ہمیں بھی وراثت میں ملی ہے اس لئے حکومت کے تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود انشاء اللہ آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے سوفیصد یقین ہے کہ ہم اپنی نسلوں کو محفوظ مستقبل دے کرجائیں گے۔
51


