کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) نارتھ کراچی کے سیکٹر 5-E میں گٹر لائن پھٹنے کے بعد سے علاقہ صحت و صفائی کے شدید بحران کا شکار ہو گیا ہے۔ ہفتوں گزرنے کے باوجود گندے پانی کے بہاؤ نے نہ صرف مرکزی سڑک کو تباہ کر دیا بلکہ مچھروں کے ذریعے بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گٹر کا پانی مسلسل سڑک پر پھیلا ہوا ہے، جس سے راستہ استعمال کرنا مشکل ہو گیا ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ کھڑے پانی میں مچھروں کی افزائش سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر امراض کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
علاقے کے رہائشیوں نے بلدیاتی حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے نہ تو سنکشن مشین لگائی گئی ہے اور نہ ہی گٹر لائنوں کی صفائی کی کوئی سنجیدہ کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے میئر کراچی اور کے ڈبلیو ایس سی کے افسران سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔
مکینوں کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر علاقے کا معائنہ کریں، گٹر لائنوں کی مرمت کریں، اور صفائی کے لیے ضروری مشینری تعینات کریں۔ علاوہ ازیں، اس مسئلے کی وجوہات اور ممکنہ حل کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ بھی عام کی جائے۔
اس صورت حال نے مقامی افراد کی روزمرہ زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، جبکہ صحت کے بڑھتے ہوئے خطرات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔


