کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کی زیر صدارت منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقدہ اجلاس میں تعلیمی سال برائے 2026 ء کے لئے آن لائن داخلوں کا شیڈول جاری کرنے کی منظوری دی گئی جس کے مطابق داخلے برائے سال 2026 ء کا اشتہار 28 ستمبر2025 ء کو شائع کیاجائے گا جبکہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk سے رجو ع کرکے تمام معلومات حاصل کرسکیں گے۔
اس موقع پر انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر صائمہ اختر، اراکین داخلہ کمیٹی جن میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید، رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، انچارج سمسٹر سیل پروفیسر ڈاکٹرتاثیر احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر انیلاامبر ملک، پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال، پروفیسر ڈاکٹرناعمہ سعید، پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری، ڈاکٹر سید عاصم علی، ڈاکٹر محسن علی، مشیر امورطلبہ ڈاکٹر نوشین رضا،قائم مقام ناظم امتحانات ڈاکٹر محمد یاسر خان، ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمک طارق رحمت اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد ذیشان عظمت بھی موجودتھے۔
ڈاکٹرصائمہ اختر نے اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ 29 ستمبر تا10 اکتوبر 2025ء آن لائن فارم جمع کرائے جاسکیں گے۔ شعبہ ویژول اسٹڈیز کا داخلہ ٹیسٹ18 اکتوبر 2025 کو ہوگا۔ جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کے تحت جاری پروگراموں میں بیچلر آف فائن آرٹس اور بیچلر آف ڈیزائن کے چار سالہ ڈگری پروگرامز کے ساتھ بیچلر آف آرکیٹیکچر کا پانچ سالہ ڈگری پروگرام بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایس فرسٹ ایئر میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر داخلہ دینے والے شعبہ جات میں ا پلائیڈ کیمسٹری اینڈ کیمیکل ٹیکنالوجی، ایوی ایشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ، اپلائیڈ فزکس، بائیو ٹیکنالوجی، بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے)، کیمیکل انجینئرنگ (بی ای)، کامرس، کمپیوٹر سائنس (بی ایس سی ایس، بی ایس ایس ای، اور بی ایس اے آئی)، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی (ڈی پی ٹی پانچ سالہ)، ڈاکٹر آف فارمیسی (فارم ڈی پانچ سالہ، صبح و شام)، ایجوکیشن، انوائرنمنٹل اسٹڈیز، فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹٹکس، انٹرنیشنل ریلیشنز، ماس کمیونیکیشن، پبلک ایڈمنسٹریشن اور اسپیشل ایجوکیشن شامل ہیں۔
ان تمام شعبہ جات کا داخلہ ٹیسٹ 25 اکتوبر2025 ء کو منعقدہوگا۔شعبہ ویژول اسٹڈیز کی داخلہ فہرست 9 نومبرجبکہ فارم ڈی اوردیگر شعبہ جات کی داخلہ فہرست 05 نومبر 2025 ء کو جاری کی جائے گی۔
ڈاکٹرصائمہ اخترنے بی ایس فرسٹ اور تھرڈ ایئر پروگرامز میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ اوپن میرٹ کی بنیاد پرہونے والے داخلوں کا آغاز 26 اکتوبر2025 ء سے ہوگا جبکہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 07 نومبر 2025 ء ہوگی۔اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کی فہرست 16 نومبر2025 ء کو جاری کی جائے گی۔ اسی طرح بی ایس فرسٹ اور تھرڈ ایئر کے شام کے پروگرامز (ڈپلومہ و سرٹیفکیٹ کورسز) میں داخلے 16 نومبر سے شروع ہوں گے اور فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
ان پروگرامز کے تحت بی ایس سی ایس اور بی ایس ایس ای کا داخلہ ٹیسٹ 7 دسمبر کو ہوگا اور فہرست 10 دسمبر 2025ء کو آویزاں کی جائے گی۔


