کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی یونین آف جرنلسٹس ورکرز نے ملیر کالا بورڈ کے قریب سینئر اینکر عمران میر پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر فواد محمود، سینئر نائب صدر علی سروار، سیکرٹری نداء آصف، سینئر جوائنٹ سیکرٹری سمیع میمن، نائب صدر علی عباس، انفارمیشن سیکرٹری باغی ساگر اور ایگزیکٹو کمیٹی نے مشترکہ بیان جاری کیا۔
بیان کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح حملہ آوروں نے عمران میر کو سینے اور چہرے پر گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس اور کرائم سین انویسٹی گیشن کی ٹیمیں واقعہ کے مقام پر پہنچ چکی ہیں۔
یونین کے قیادت نے اس حملے کو صحافی برادری کے خلاف ناقابل قبول تشدد کا عمل قرار دیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں کی حفاظت یقینی بنانے اور پریس کی آزادی کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس ورکرز نے عمران میر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر مسلسل نظر رکھیں گے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں گے۔


