کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)یکم اکتوبر سے شہر قائد میں ای-ٹکٹنگ نظام نافذ ہو جائے گا، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو براہ راست گھر پر چالان بھیجا جائے گا۔ اس نئے نظام کا اعلان ڈی ایس پی ٹریفک ایڈمن کراچی کاشف ندیم نے شارع فیصل پر چلائی جا رہی آگاہی مہم کے دوران کیا۔
نظام کے تحت، ٹریفک پولیس کی جانب سے اب کسی بھی شہری کو روکا نہیں جائے گا، بلکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور خودکار نظام کے ذریعے خلاف ورزیوں کا پتہ لگایا جائے گا۔ چالان ملنے کے بعد افراد کے پاس اسے 21 دنوں میں بھرنے کا وقت ہوگا، جبکہ پہلے 14 دنوں میں چالان بھرنے پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ڈی ایس پی کاشف ندیم کے مطابق پہلے فیز میں اس نظام کو اہم شاہراہوں پر نافذ کیا جائے گا، جس سے نہ صرف ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کے وقت کے ضیاع میں بھی کمی ہوگی۔
شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھا نظام ہے جو غیر جانبدارانہ طور پر قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گا۔


