کراچی/لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)گذشتہ روز کورنگی سے لاپتا ہونے والی بچی آصفہ رشید خوش قسمتی سے لاہور ریلوے اسٹیشن پر موجود رحمان بابا ایکسپریس ٹرین میں بازیاب ہو گئی ہے۔ آصفہ اسکول جانے کے دوران لاپتا ہوئی تھیں۔
بچی کی لاپتہ ہونے کی خبریں پھیلتے ہی خاندان کے افراد اور عزیز و اقارب نے تلاش شروع کر دی۔ لاہور میں موجود رشتہ دار ہر آنے والی ٹرین کا جائزہ لے رہے تھے۔ رحمان بابا ایکسپریس، جو سیلابی صورتحال کی وجہ سے عارضی طور پر لاہور کے راستے پشاور جا رہی تھی، کے اسٹیشن پہنچنے پر بچی غنودگی کی حالت میں ملی۔
واقعے کے عینی شاہدین کے مطابق، آصفہ کے ساتھ ایک مشتبہ عورت بھی موجود تھی جو موقع سے فرار ہو گئی۔ بچی کے والدین کے مطابق، “آصفہ پر جادو ٹونے کے ذریعے قابو پایا گیا تھا، جس کی وجہ سے وہ اپنا ہوش کھو بیٹھی تھیں۔”
بچی کے والدین نے دی پوسٹ سے بات کرتے ہوئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دعاؤں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ “سماجی رابطوں پر شیئر کی گئی پوسٹس اور عوام کی بیداری نے ہماری بچی کو واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا۔”
یہ واقعہ والدین اور اساتذہ کو یاد دلاتا ہے کہ بچوں کی حفاظت اور نگرانی انتہائی ضروری ہے۔ پولیس نے فراری عورت کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری رکھی ہوئی ہے اور تفتیش کے ذریعے واقعے کی مکغمل تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


