کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہحضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین کی ذاتِ مبارکہ انسانی زندگی کی تمام جہات کے لئے ایک مکمل اُسوہ حسنہ ہے۔حضور اکرم ﷺ نے پوری انسانیت کو جو آفاقی پیغام عطا فرمایا وہ کسی ایک مذہب یا قوم تک محدود نہیں، بلکہ یہ پیغام تاقیامت بنی نوع انسان کے لیے ہے۔ آپ ﷺ نے سب انسانوں کو برابر قرار دیا اور کسی بھی بنیاد پر تفریق کی اجازت نہیں دی۔ آپ ﷺ نے واضح فرمایا کہ بہترین انسان وہ ہے جو انسانیت کی خدمت کرے اور معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرے۔
ہمیں حضوراکرم ؐ کی سیرت پڑھ کر اس پر عمل پیراہونا چاہیئے،ضرورت اس امر کی ہے کہ سیرت طیبہ کا سرسری نہیں بلکہ تفصیلی مطالعہ کیا جائے،آپؐ رحمت العالمین ہیں۔ سیرتِ طیبہ انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے انجمن محبان رسولﷺ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام پارکنگ گراؤنڈ بالمقابل آرٹس لابی جامعہ کراچی میں منعقد ہ ”محفل میلاد مصطفی ﷺ“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وائس چانسلرڈاکٹر خالدعراقی نے مزید کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے صرف تعلیمات بیان نہیں کیں بلکہ اپنی ذاتی زندگی میں قرآن کو عملی طور پر اپنایا اور دنیا کے سامنے نمونہ عمل پیش کیا۔ آپؐ کی سنت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا میں باوقار مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ انسان کی دینی، سیاسی، آفاقی، اجتماعی، ثقافتی، تہذیبی پہلو اور باقی تمام تر پہلوؤں کیلئے آپﷺ کی سیرت ہی جامع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے اور بالخصوص اس وقت میں اہلِ غزہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو حق کے لیے باطل کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔
چیئرمین ادارہ الفیضان علامہ عبدالجبار نقشبندی نے کہا کہ ہم سب کو اپنی آخرت کی فکرکرنے کی ضرورت ہے،ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ حضوراکرمﷺ نے جو ارشادفرمایااس کے مطابق زندگی گزاریں اور جو کردار پیش کیااس کو سامنے رکھیں۔ محفل میلاد ہمیں اپنے کردار کی د رستگی کا بھی سبق دیتی ہے۔ ہمیں محبت مصطفیﷺ کادرس اپنی اولاد کو دینے کی ضرورت ہے۔۔عشق رسولؐ مومن کی میراث ہے اور اس کے بغیر ایمان نامکمل ہے۔حضوراکرمﷺ نے فرمایا میری امت کا مفلس قیامت کے دن وہ شخص ہوگا جو پہاڑوں کی مثل نیکیاں لے کرقیامت کے دن حاضرہوگا،لیکن اس نے دنیا میں کسی کا حق ماراہوگا،کسی کاحق کھایاہوگا۔
محفل میلاد مصطفی ﷺ سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جن میں ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحبزادہ معظم قریشی،پروفیسرڈاکٹر مجید اللہ قادری،ڈاکٹر صادق علی خان اور منصورحسن قادری شامل ہیں۔ پروفیسرڈاکٹرسہیل شفیق نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا جبکہ انجمن کے طلبہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔


