وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کی ملاقات

انطالیہ(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے انطالیہ میں ملاقات کی۔ وزیراعظم اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے سلسلے میں آج انطالیہ پہنچے ہیں۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

گفتگو کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صدر رجب طیب ایردوان بھی فورم کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کے منتظر ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور روایتی ترک مہمان نوازی پر وزیر خارجہ حاقان فیدان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں ترکیہ آ کر ہمیشہ اپنائیت کا احساس ہوتا ہے اور وہ اس دورے کو اپنے دوسرے گھر کا دورہ سمجھتے ہیں۔ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت اور صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں