کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کےوائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرخالد محمودعراقی کی زیرصدارت جمعرات کے روز چائنیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں اکیڈمک کونسل کااجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں داخلوں کی پالیسی برائے سال 2026 ء کی منظوری دی گئی جن کا آغازستمبر2025ء کے آخری ہفتے سے ہوگا۔ اس کے علاوہ اکیڈمک کونسل کے گزشتہ اجلاس منعقدہ 16 جون 2025ء اور کلیہ فنون و سماجی علوم کے اجلاس مورخہ 18 اپریل 2025ء کی رودادوں کی بھی توثیق کی گئی۔
مزید برآں، اجلاس میں مختلف بورڈز کے لیے اراکین کی نامزدگیوں کی منظوری دی گئی، جن میں بورڈ آف گورنرز برائے ایریا اسٹڈی سینٹر فار یورپ میں شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر فرح اقبال بطور نمائندہ اکیڈمک کونسل نامزدگی کی منظوری دی گئی۔
بورڈ برائے کلیہ علم الادویات وادویہ سازی پر تین اراکین کی بحیثیت رکن اکیڈمک کونسل ایچ ای جے انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے پروفیسرڈاکٹر ظہیرقاسمی،شعبہ حیاتیات کے پروفیسرڈاکٹر تنویرعباس اور شعبہ حیاتی کیمیاء کی پروفیسرڈاکٹر شمیم اے قریشی کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں صدرشعبہ جرمیات جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹرناعمہ سعیدکی بحیثیت رکن اکیڈمک کونسل داخلہ کمیٹی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ہائرایجوکیشن کمیشن کے خط کی روشنی میں پاکستان کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ کی سطح کے طلباء کے لئے فہم القران کورسز کے نفاذ کے معاملے پر ایک چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کے کنوینر رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسرڈاکٹر زاہد علی زاہدی ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں پروفیسرڈاکٹر انیلا امبر ملک،پروفیسرڈاکٹر عزیز الرحمن سیفی،پروفیسرڈاکٹر عارف خان ساقی،ڈاکٹر سعدیہ محموداورپروفیسرمنورعباس شامل ہیں۔مذکورہ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرکے اکیڈمک کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔اجلاس میں بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے اجلاس مورخہ 03 مئی،30 جون اور16 جولائی 2025 ء کی رودادوں کی توثیق کی گئی۔
اے لیول اور اولیول کی ایکولینسی کی تاخیر کے حوالے سے کئے جانے والے سوال پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے اجلاس کو بتایا کہ ایسے طلبہ جو داخلہ فہرست کے اجراء تک ایکولینسی سرٹیفیکٹ جمع کرانے سے قاصرہوں گے انہیں پرویژنل ایڈمیشن دیاجائے گا۔
اس موقع پرانچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر نے بتایا کہ طلبہ کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی نے داخلہ سے متعلق تمام معلومات بمعہ پراسپیکٹس کو ایک کلک تک محدود کردیا ہے، تاکہ طلبہ ایک ہی جگہ سے تمام ضروری معلومات باآسانی حاصل کرسکیں۔


