کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمون نے بدھ کے روز کہا کہ سندھ حکومت مکمل الرٹ پر ہے اور اگر مزید بارشیں نہ ہوئیں تو صورتحال چند گھنٹوں میں معمول پر آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے بعد صورت حال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ تاہم ڈیموں کے اوور فلو اور زوردار بارشوں کے باعث لیاری اور ملیر ندیوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ سمندر میں مدوجزر کی بلندی کی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی میں بھی تاخیر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں سے 4,881 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ اب تک کل 146,492 افراد منتقل ہوچکے ہیں۔ حکومت کے قائم کردہ 163 مقامی اور موبائل ہیلتھ سینٹرز کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5,296 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ نیز گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11,078 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔


