57

ٹریفک پولیس نےموسلا دھاربارش کے پیش نظرطارق روڈ کو’نو پارکنگ زون‘ قرار دیدیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کے امکان کے پیش نظر، شہر کی ٹریفک پولیس نے پیشگی اقدام کے طور پر طارق روڈ کے دونوں اطراف کو ’نو پارکنگ زون‘ قرار دے دیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے منگل کو ایکس پر بتایا کہ محکمہ موسمیات نے 9 ستمبر (آج) کے لیے کراچی میں موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ’شہریوں اور تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور انتظامیہ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ طارق روڈ کے دونوں اطراف کو نو پارکنگ زون قرار دیا گیا ہے۔

پولیس نے کہا کہ یہ اقدام اس لیے کیا گیا تاکہ اگر شہر کی مرکزی شاہراہوں میں سے ایک شارع فیصل متاثر ہو تو طارق روڈ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ شہریوں، خاص طور پر مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور ممبران سے درخواست ہے کہ طارق روڈ کے دونوں اطراف گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

اس سے قبل صبح کے وقت ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش کی اطلاع دی اور شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کا مشورہ دیا کہ وہ اسپیڈ کم رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج بھارت کے علاقے جنوب مغربی راجستھان اور جنوب مشرقی سندھ پر موجود گہرے دباؤ کے اثرات کے باعث موسلا دھار بارش ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں