کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہرقائد ایک بار پھر صنعتی حادثے کی لپیٹ میں آگیا۔ نیوکراچی صبا سینما کے قریب واقع گارمنٹس فیکٹری میں صبح سویرے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح 7:30 بجے موصول ہوئی۔ ابتدا میں 2 فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے، لیکن آگ کی شدت میں اضافے کے باعث مزید گاڑیاں طلب کرنا پڑیں۔ اس وقت کم از کم 11 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہیں۔
آگ نے صرف ایک فیکٹری کو متاثر نہیں کیا بلکہ مزید 2 فیکٹریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا، جس کے نتیجے میں ملبہ گرنے سے 2 فائرفائٹرز سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ریسکیو اہلکار اور پولیس بڑی تعداد میں موقع پر موجود ہیں۔ آگ کی شدت کے باعث علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے ہیں جبکہ مکین خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت اطراف کی دیگر فیکٹریوں میں کام فوری طور پر بند کروا دیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ ابتدائی طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، تاہم زخمیوں کی حالت تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔ مالی نقصان کے حوالے سے بھی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، مگر ابتدائی اندازوں کے مطابق نقصان کروڑوں روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
کراچی میں صنعتی علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات کوئی نئی بات نہیں، ماضی میں بھی ناقص حفاظتی اقدامات اور غیر معیاری وائرنگ کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حادثات اس وقت تک نہیں رک سکتے جب تک فیکٹریوں میں آگ بجھانے کے جدید آلات، ایمرجنسی راستے اور سیفٹی ٹریننگ کو لازمی قرار نہیں دیا جاتا۔
اس افسوسناک واقعے نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ کیا ہمارے صنعتی ادارے مزدوروں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تیار ہیں یا محض قسمت پر چھوڑ دیا گیا ہے-


