کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (SSUET) کے چانسلر اکبر علی خان نے سرسید یونیورسٹی کی بی بی اے BBA کی ہونہار طالبہ سیدہ عروب شاہ کو پاکستان وومین کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔عروب شاہ کو آئندہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے اور وہ پاکستان وومین کرکٹ ٹیم کی طرف سے ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی جو سری لنکا میں کھیلا جائیگا۔ انہوں نے یہ بات عروب شاہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
سرسیدیونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے سیدہ عروب شاہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہعروب شاہ سرسید یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ ہیں، اور پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ سرسید یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے پرفارم کرنے جارہی ہیں۔ عروب شاہ کی شاندار کارکردگی کے پیش نظر انھیں ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے اور یہ کامیابی ان کی محنت، عزم، اور یونیورسٹی کی رہنمائی و تعاون کا نتیجہ ہے۔ کھیل جسمانی و ذہنی نشونما کے لیے بہت ضروری ہیں۔۔ عروب شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ خواتین کے لیے ایک مثال بنیں۔۔محنت اور جستجو سے آپ بلندیوں کو چھوسکتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سیلیکٹر اور معروف کرکٹر، جناب توصیف احمد نے اس موقع پر اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں اعتماد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بھی اپنے حق میں زیادتی کا خیال دل میں نہ لائیں، اور جب بھی موقع ملے تو اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھائیں۔ پریشر کو برداشت کرنا سیکھیں، کیونکہ یہ آپ کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے سرسید یونیورسٹی کی طرف سے کھلاڑیوں کے حوصلہ افزائی کے اقدامات کو بھی سراہا۔
معروف اسپورٹس کمپیئر یحییٰ حسینی نے کہا کہ عروب شاہ وومن ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جس سے ملک اور یونیورسٹی کا نام روشن ہوگا۔ یہ کامیابی سرسید یونیورسٹی کی ساکھ کو مزید مضبوط کرے گی اور عالمی سطح پر اس کا مقام بلند کرے گی۔
ای ایم اے انٹرپرائز کے بانی چیئرمین اظہر ضیاء نے کہا کہ کھلاڑی نہ صرف کھیل کے میدان میں اپنی شاندار کارکردگی سے لوگوں کا متاثر کرتے ہیں بلکہ وہ اپنے ملک و معاشرہ کی ثقافت کو بھی پروموٹ کررہے ہوتے ہیں۔یہ عروب شاہ کے لیے بھی یقینا اعزاز کی بات ہوگی کہ وہ سرسید یونیورسٹی کی طالبہ ہیں اور جامعہ کی تعاون اور مدد کی وجہ سے آج وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی کاکردگی دکھانے جارہی ہیں۔
سرسید یونیورسٹی کی طالبہ وومین کرکٹر سیدہ عروب شاہ نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ میں وومین ورلڈکپ کھیلنے جارہی ہوں۔یہ میرا پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل ورلڈکپ ہے۔میری کوشش ہوگی کہ میں کچھ ایسا نیا نہ کروں جو میرے لیے مشکلات کا باعث بنے، بلکہ میں نے اب تک جو کچھ سیکھا ہے اور جو کچھ میرا تجربہ ہے اس کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی عمدہ کارکردگی سے شائقین کو متاثر کروں۔سرسید یونیورسٹی نے میرے ساتھ بڑا تعاون کیا ہے۔مجھے سوفیصد اسکالرشپ دی ہے۔جب سے میرا نام سرسید یونیورسٹی کے ساتھ جڑا ہے قسمت مجھ پر بڑی مہربان ہے۔میں نے پاکستان کی طرف سے انڈر 19 اور ایشین گیم کھیلے اورآئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ساؤتھ افریقہ سے تین میچ کی سیریز کھیلنے کے بعدہم کولمبو، سری لنکا میں وومین ورلڈ کپ کھیلنے جائیں گے۔بعد ازاں ہم سات ٹیموں سے میچ کھیلیں گے-


