غیرقانونی اڈوں سےشہرمیں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، محمد سلیم میمن

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ سندھ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو ایک اہم اور مفصل خط تحریر کیا ہے جس میں حیدرآباد کے تاریخی بدین بس ٹرمینل کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

محمد سلیم میمن نے خط میں اِس بات پر شدید تشویش کا اِظہار کیا ہے کہ بدین بس ٹرمینل جو ماضی میں ایک متحرک اور منظم سفری مرکز تھا اَب زبوں حالی کا شکار ہو کر غیر فعال ہو چکا ہے۔

ٹرمینل کی بندش کے باعث شہر بھر میں غیر قانونی وین، کار اور بس اڈے وجود میں آ چکے ہیں جن کی سرپرستی بعض محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہلکاروں اور ٹریفک پولیس کے عناصر کے ذریعے ہو رہی ہے۔ اِس غیر منظم اور غیر قانونی نظام نے نہ صرف شہر کے ٹریفک نظام کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ حکومت سندھ کو قیمتی ریونیو سے بھی محروم کردیا ہے۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک جام، عوامی اذیت اور غیر معیاری سفری سہولیات نے شہریوں کی زندگی کو دشوار بنا دیا ہے۔ ایسے میں بدین بس ٹرمینل کی جدید تقاضوں کے مطابق بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اِس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ نظام میں نظم و ضبط پیدا ہوگا بلکہ حکومت کو ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔

صدر چیمبر سلیم میمن نے پیپلز بس سروس کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد جیسے بڑے اور مصروف شہر میں اِس سروس کے مزید روٹس کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ حیدرآباد چیمبر کی جانب سے اِس سلسلے میں شرجیل انعام میمن کو باضابطہ درخواست بھیجی جا چکی ہے کہ عوام طویل عرصے سے ایک باوقار، معیاری اور جدید سفری سہولت کے منتظر ہیں اور یہ توقع رکھتے ہیں کہ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد کو بھی یہ سہولت جلد فراہم کی جائے گی۔

صدر چیمبر نے اِس اْمید کا اظہار کیا کہ شرجیل انعام میمن جو خود حیدرآباد کے منتخب نمائندہ اور فرزندِ شہر ہیں اپنی موجودہ حیثیت کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے حیدرآباد کو اِس کا دیرینہ حق ضرور دلوائیں گے۔

آخر میں صدر چیمبر سلیم میمن نے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن فوری طور پر بدین بس ٹرمینل کی بحالی اور پیپلز بس سروس کے آغاز کے لیے ٹھوس اور عملی اِقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ اِن اِقدامات سے نہ صرف شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ شہریوں کو محفوظ، باوقار اور باقاعدہ سفری سہولیات بھی دستیاب ہوں گی جو اُن کا بنیادی حق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں