کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ناظم آباد ٹاون میں شجرکاری مہم کا آغاز،چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفرنے وائس چیئرمین ناظم آباد ٹاون محمد نعمان صدیقی کےہمراہ پاکستان کےشہرہ آفاق مصور،خطاط سید صادقین احمد کےنام سےمنسوب صادقین پارک یوسی03ناظم آباد نمبر02 میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یوسی چیئرمینز،وائس چیئرمینز، ٹاؤن افسران و ملازمین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفرنے کہا کہ شجر کاری مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی کرنے کے ساتھ مستقبل میں اپنی آ نےوالی نسلوں کوآ لودگی سےپاک اورصحت مند ماحول فراہم کرناہے، انہوں نے کہا کہ آج جس جگہ ہم کھڑے ہیں، یہاں پر کچرے کےڈھیرہوئے کرتے تھے، ہم نے اس پارک کو بحال کرنے کا عزم کیا، اور علاقہ مکینوں کے تعاون سے اور محکمہ باغات کی انتھک محنت سے صادقین پارک کی تزین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے، انشااللہ جلد ہی پارک کی تکمیل کے بعد اس کو علاقہ مکینوں کے حوالے کر دیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل ہم نے ناظم آباد میں رہنے والی دو مشہور شخصیات ابن صفی اور ماہرالقادری کے نام سے دو پارکس منسوب کئے ہیں عنقریب ہم ڈاکٹر عبدالقدیر کے نام سے بھی پارک منسوب کریں گے، وائس چیئرمین نعمان صدیقی نے کہا کہ مون سون کا موسم شجر کاری مہم کے لئے موزوں ترین موسم ہوتاہے محکمہ باغات کو ناظم آباد ٹاون کی شجر کاری مہم میں لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت، آبیاری اور ناظم آباد ٹاون میں بحال کئے جانے والے پارکوں کی دیکھ بھال کی خصوصی ہدایت کی کہ ناظم آباد ٹاون کو سرسبز ٹاون بنایا جائے۔


